احد چیمہ کیس: نیب نے ملزمان کیخلاف سپلیمنٹری ریفرنس دائر کردیا

لاہور کی احتساب عدالت نے غیر قانونی اثاثہ جات کیس میں فواد حسن فواد کی ایف بی آر کے ریکارڈ کی اوریجنل دستاویزات فراہم کرنے کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرلی۔ احد چیمہ کیس میں نیب نے ملزمان کیخلاف سپلیمنٹری ریفرنس دائر کردیا۔ پیر کو احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت ہوئی۔ فواد حسن فواد اپنے بھائی وقار حسن کے ہمراہ احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ فواد حسن فواد کے وکلا کی جانب سے ایف بی آر کے ریکارڈ کی اوریجنل دستاویزات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی جو عدالت نے منظور کر لی۔ جج محمد اکمل خان نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو جب ریفرنس کی کاپیاں ملیں تب یہ معاملہ کیوں نہیں اٹھایا؟ فرد جرم لگ گئی، ٹرائل شروع ہوگیا، اب آپ کو یاد آرہا ہے کہ یہ ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ دوسری جانب سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ خاندان کے خلاف ناجائز اثاثہ جات کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ نیب نے احتساب عدالت میں ملزمان کے خلاف سپلیمنٹری ریفرنس دائر کردیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیدیا۔ جج امجد نذیر چوہدری نے احد چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ روز کی توسیع کردی۔ احتساب عدالت نے ملزم احد چیمہ کوچار جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔