عمران خان رہی سہی عزت کو بچا کر مستعفی ہوجائیں، مریم نواز
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی کارکردگی کو دنیا کی کوئی طاقت سپورٹ نہیں کرسکتی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف مریم نواز کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ نیب نے مریم نواز کی اپیل پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کردی۔ نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے درخواست دائر کی گئی کہ مجھے بخار ہے، اپیلوں پر سماعت آئندہ کسی بھی تاریخ تک ملتوی کی جائے۔ عدالت نے نیب کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی۔ مریم نواز پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی وقت تھا جو روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی استدعاکرتاتھا آج التوا مانگ رہاہے۔ پی ٹی آئی کی شکست پر تبصرہ کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو خیبرپختونخوا میں جیت پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کانتیجہ پی ٹی آئی کی ناقص کارکردگی ہے، ایک وقت آئے گا پی ٹی آئی سے کوئی ٹکٹ بھی نہیں مانگے گا، پی ٹی آئی کو لاہور، خانیوال ،پشاور اور خیبرپختونخوا کے ہر ضلع سے شرمناک شکست ہوئی، پہلی حکومت ہے جوایک کے بعد ایک انتخاب ہار رہی ہے۔