پانی کے تنازعہ پرمخالفین نے چچا زاد بھائی کا ہاتھ کاٹ دیا
بہاولنگر کی تحصیل چشتیاں میں تھانہ ڈاہرانوالہ کے علاقہ میں مخالفین نے پانی کے تنازعہ پر اپنے چچا زاد بھائی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد کسی کا وار کرکے اس کا ہاتھ کاٹ دیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق گاؤں 174 مراد کے رہائشی دونوں فریقوںکے مابین کچھ عرصہ سے رقبہ کو پانی لگانے کا تنازعہ چل رہا ہے ۔وقوعہ کے وقت متاثرہ شخص محمد احمد اپنے ڈیرہ پر موجود تھا کہ پانی کے تنازعہ پر ملزمان نے اس پرحملہ کردیا اور اسے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گولیاں مار دیں اور بعد میں کسی کا وار کرکے اس کا ہاتھ کاٹ دیا، شدید مضروب محمد احمد کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔وقوعہ کی اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی چشتیاں پولیس کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ۔مزید برآں ڈی پی او بہاولنگرمحمد ظفر بزدار نے تھانہ ڈاہرانوالا کے علاقہ میں انسانیت سوزواقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی چشتیاں کی سربراہی میںٹیم تشکیل دے دی ۔اور ملزمان کو 24 گھنٹے میں گرفتار کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔ڈی پی اوبہاولنگرمحمد ظفر بزدار کا کہنا ہے کہ ضلع میں ایسے افسوس ناک واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی ۔کوئی بھی شخص قانون سے بالاتر نہیں ۔