سابق حکمرانوں کی ترجیح عوام نہیں ڈالرز تھے: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی ترجیح عوام نہیں ڈالرز تھے ۔ ماضی میں عوامی مفادات کے خلاف خارجہ پالیسیاں بنائی گئیں ۔ غلط فیصلوں کی وجہ سے ملک کو نقصان ہوا ، کسی کو قصوروار ٹھہرانے کے بجائے درست فیصلے کرنے چاہئیں۔وزارت خارجہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کاکہناتھاکہ افغانستان میں ابھرتےہوئےانسانی المیے پرفوری اقدامات کی ضرورت ہے، دنیاافغانستان کے حوالے سے ہمارےموقف کی تائید کررہی ہے، مختصر وقت میں اسلامی ملکوں کے وزرائے خارجہ کو اکٹھا کرنا بڑی بات ہے، آئندہ اوآئی سی کا اجلاس اس سے بھی بہتر اندازمیں منعقد کیاجائےگا۔وزیراعظم نے کہا کہ خود اعتمادی ختم ہونے پر قومیں زوال کا شکار ہوتی ہیں،اوورسیز پاکستانی انتہائی قابل اور ہرشعبے میں اپنا لوہا منوا رہے ہیں،قانون کی حکمرانی کےبغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان 60 کی دہائی جیسا ملک بننے جارہا ہے جبکہ ہماری جدوجہد عوام کی فلاح وبہبود ہے۔عمران خان نے کہاکہ ملک کو کرنٹ اکاؤنٹ کا بحران درپیش ہے، جیسے ہی ترقی کرتے ہیں توڈالرزکی کمی ہوجاتی ہے جس سے روپے پردباؤ پڑتا ہے، جیسے ہی کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے بحران سے نکلیں گے ملک تیزی سے ترقی کرے گا۔