لنکاشائرکائونٹی نے ٹی ٹوئنٹی چیمپین شپ کے لیے جنید خان سے معاہدہ کرلیا۔

لنکاشائر کائونٹی نے ٹی ٹوئنٹی چیمپین شپ کے لیے پاکستانی فاسٹ بالر جنید خان سے معاہدہ کرلیا ہے۔ قومی فاسٹ بالر جنید خان ان دنوں پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اچھی فارم میں نظر نہیں آ رہے لیکن اس کے باوجود لنکا شائر نے تجربے کی بنیاد پر ان سے معاہدہ کر لیا ہے۔جنید اس سے قبل بھی دو بار 2011 اور 2014 میں بھی انگلش کانٹی لنکا شائر کی نمائندگی کر چکے ہیں اور اب کانٹی نے 2017 کی ٹی ٹوئنٹی چیمپین شپ کے لیے بھی قومی بالر سے معاہدہ کیا ہے۔لنکا شائر سے معاہدے پر جنید خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی کانٹی کرکٹ میں بہت کچھ سیکھا اور اب بھی شاندار پرفارمنس کے لیے پر امید ہوں۔پاکستان کے 27 سالہ فاسٹ بولر نے کہا کہ وہاں ایک بار پھر جانا اور چند انعامات حاصل کرنا بہت خوش کن ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ میں جب 2011 اور 2014 میں لنکا شائر کھیلنے کے لیے آیا تھا تو سارے کلب نے میرا خیر مقدم کیا تھا۔انھوں نے مزید کہا کہ اس دوران میں نے جو تجربہ حاصل کیا اس نے میری سوئنگ اور سیم کی صلاحیت میں اضافہ کیا۔خیال رہے کہ 22 ٹیسٹ، 56 ون ڈے اور 9 ٹی20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے جنید نے 2015 میں مڈل سیکس کی نمائندگی کی تھی اور وہ مکمل سیزن کیلئے لنکا شائر کو دستیاب ہوں گے۔2011 میں جنید خان نے سات میچوں میں 12 جبکہ 2014 میں 10 میچوں میں 17 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو دونوں مواقعوں پر فائنلز تک رسائی دلائی تھی۔ واضح رہے کہ جنید خان نے 2011 میں اپنے بین الاقوامی کریئر کا آغاز کیا تھا۔ لنکا شائر کے ہیڈ کوچ گلین چیپل نے جنید کو ٹیم کا مقبول کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے آنے سے ٹیم کی بولنگ میں تجربے کا اضافہ ہوگا۔گلین چیپل نے کہا کہ جنید کو ٹیم سے بہت جلدی ہم آہنگ ہو جانا چاہیے کیونکہ وہ ٹیم کے بہت سے افراد کو پہلے سے جانتے ہیں اور آخری اوورز میں ان کی بولنگ ہمارے لیے بڑی اہم ہوگی۔بی بی سی لنکاشائر ریڈیو کے سکاٹ ریڈ نے کہا کہ جنید کا پہلے دو بار ٹیم میں ہونا بہت کامیاب تھا۔وہ سنہ 2011 میں کھیلے جانے والے آٹھ مقابلوں میں شامل ہوئے جن میں سے سات میں جیت حاصل ہوئی۔ انھوں نے مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری بار انھوں نے دس میچوں میں 19 وکٹیں حاصل کیں اور دونوں بار ٹیم فائنل میں پہنچی۔