ٹیکس کا بوجھ غریبوں پر ڈالنا ظلم ہے،سب سے زیادہ ٹیکس دینےوالے پاکستان کے وی آئی پی ہیں: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے ٹیکس دہندگان کی عزت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے پاکستان کے وی آئی پی ہیں۔اسلام آباد میں ٹیکس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پیسے کےصحیح استعمال سےمتعلق ٹیکس دہندگان میں اعتماد پیداکرنا ہوگا اور ہمیں ٹیکس دہندگان کو وقار دینا ہوگا، سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے پاکستان کے وی آئی پی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ 70 کی دہائی میں صنعتیں قومیائی گئیں توسرمایہ کاری کودھچکالگا، سرمایہ کار کو احترام کے بجائے دوسری نظر سے دیکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس نادہندگان سے کہتا ہوں کہ ہمیں خود کو تبدیل کرناہوگا، ہمارا زیادہ ٹیکس بالواسطہ طریقے سے اکٹھا ہورہا ہے، ماضی کے مائنڈسیٹ نے ملک کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا اور اسی کی وجہ سے سرمایہ باہر چلا گیا۔عمران خان نے کہا کہ 17لاکھ فائلرز 21 کروڑ عوام کابوجھ برداشت نہیں کرسکتے اس لیے تمام پیسے والوں کو ٹیکس دینا ہوگا۔ریاست مدینہ کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم نےریاست مدینہ کےنظریےکا مطالعہ ہی نہیں کیا، کسی بھی معاشرے میں ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کوقوم کااعتماد حاصل ہوگا توٹیکس وصولی بڑھےگی، ٹیکس نظام میں خرابی سے امیراورغریب کافرق بڑھتاجارہا ہے۔وزیراعظم نے تمام وزارتوں کو اخراجات میں 10فیصد کمی لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات میں 30فیصد کمی کرچکا ہوں اور کسی کو ٹیکس کے پیسے پر علاج کے لیے باہرنہیں بھیجیں گے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پیسے والوں کو چھوڑ کر ٹیکس کا بوجھ غریبوں پر ڈالنا ظلم ہے، اس مائنڈ سیٹ نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا۔ قوم نے خود کو تبدیل نہ کیا تو ملک کے حالات مزید مشکل ہو جائیں گے۔