پاکستانی مئوقف کی تائید پر ہم سعودی عرب کے شکر گزار ہیں.شاہ محمود قریشی
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستانی مئوقف کی تائید کی جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیرنے بھارت سے کہا کہ بغیر ثبوت پاکستان پر الزامات نہیں لگا سکتے۔ بھارت نے پاکستان کے قریبی دوست کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنا چاہا جس میں اسے ناکامی ہوئی جو ہماری کامیابی ہے ۔ اقوام متحد ہ کے سیکرٹری جنرل کے نام ان کے خط کا مثبت جواب آیا ہے۔ آج دنیا دیکھ رہی ہے کہ ایک ملک جنگ اور دوسرا امن کی بات کر رہا ہے ، ایک ملک اپنی سیاست کے لئے خطہ کو تہہ و بالا کرنا چاہتا ہے جبکہ پاکستان علاقہ کی خوشحالی، ترقی اور استحکام کے لیئے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوتیرس کو خط لکھا اور یہ خط سلامتی کونسل کے تمام ارکان میں تقسیم کیا گیا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مثبت جواب آیا ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ وہ خطہ میں کشیدگی کے خاتمہ میں کوئی کردار ادا کرسکتے ہیں تو ہ اس کے لئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کوشش کی کہ اپنا بیانیہ بیچ پائے اور سعودی حکام کو پلوامہ واقعہ پر قائل کر سکے تاہم سعودی وزیر خارجہ نے ان سے وہی کہا جو ان سے پاکستان کہہ رہا ہے کہ ہمیں کوئی شواہد تو دکھائیں ، جب تک ہمارے پاس ثبوت نہیں ہوں گے ہم پاکستان پر انگلی کیسے اٹھا سکتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی کوشش تھی کہ وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ کو استعمال کر سکے اور پاکستان کے قریبی دوست کو پاکستان کے خلاف استعمال کر سکیں اس میں ان کو ناکامی ہوئی ہے اور یہ پاکستان کی ایک اور سفارتی کامیابی ہے ۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج دنیا کے سامنے تقابلی جائزہ موجود ہے کہ ایک ملک جنگ کی بات کر رہا ہے اور ایک ملک امن کی بات کر رہا ہے ، ایک خطہ کو اپنی سیاست کے لئے تہہ وبالا کرنا چاہتا ہے اور ددسری حکومت اس علاقہ کی ترقی ، خوشحالی اور استحکام کے لئے کوشاں ہے۔