ملتان اور شیخوپورہ میں چھتیں گرنے سے 6افراد جاںبحق، 2 زخمی

پنجاب میں بارش کے باعث مختلف حادثات کا سلسلہ جاری ہے، پنجاب کے شہروں ملتان اور شیخو پورہ میں بارش کے باعث مکانوں کی چھتیں گرنے سے 6افراد جاں بحق اور 2زخمی ہوگئے۔ملتان کے علاقے بدھلہ روڈ پر واقع ایک گائوں میں مکان کی چھت گرنے سے 3بہن بھائی اور ان کی والدہ جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہو گئے۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122کے مطابق مسلسل بارش کے باعث سجاد حسین کے مکان کے ایک کمرے کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں کمرے میں سوئے ہوئے تین بہن بھائی علی شان، بختاور،عروج اور ان کی والدہ شازیہ بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ جاں بحق بچوں کی بہن نمرہ اور دادی صحراوں بی بی شدید زخمی ہو گئیں جنہیں نشتر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ادھر شیخو پورہ میں بارش کے باعث ایک مکان کی چھت منہدم ہو گئی جس کے نتیجے میں میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔