ہم روسی، آپ کی حکومت کے سربراہ، وزیر اعظم عمران خان کا احترام کرتے ہیں۔روسی سفیر
روس کےایمبیسیڈر ڈینیلا وکٹورووچ گانچ نے روزنامہ نیشن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ "ہم روسی، آپ کی حکومت کے سربراہ، وزیر اعظم عمران خان کا احترام کرتے ہیں، جنہیں ہم ایک بڑی شخصیت سمجھتے ہیں، جو نہ صرف کرکٹ بلکہ پاکستان میں نئی سیاسی سوچ کا لیجنڈ ہے۔"ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج صبح نوائے وقت اور نیشن کے دفتر کے دورہ کے موقع پر کیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں پاکستان کی اسلامی جمہوریہ کا احترام کرتا ہوں اور میں پاکستانی عوام کی عزت کرتا ہوں۔روسی ایمبیسیڈر کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا ماسکو کا شاندار دورہ کامیاب رہے گا۔اس موقع پر انھوں نے وزیر اعظم عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ یاد رہے وزیر اعظم عمران خان 23 فروری کو ماسکو کا دورہ کریں گے۔ 23 برس بعد کسی بھی پاکستانی وزیراعظم کا یہ روس کا دورہ ہوگا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کا دورہ روس دو روز پر مشتمل ہوگا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر تجارت عبدالرزاق داود ،معاون خصوصی معید یوسف ہمراہ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے، وزارت صنعت و پیداوار، وزارت توانائی سمیت مختلف شعبوں میں معاہدے ہوں گے۔وزیراعظم عمران خان روسی صدر ولادی میر پیوٹن کی دعوت پر دورہ کریں گے۔دورہ روس میں ولادیمیر پیوٹن دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان دفاع،سلامتی،تجارت اور توانائی کے شعبے میں روس کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل سرد جنگ کے بعد سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، سابق صدر پرویز مشرف اور سابق صدر آصف علی زرداری ماسکو کا دورہ کر چکے ہیں۔یاد رہے وزیر اعظم عمران خان 3 روزہ دورے پر بدھ کو روانہ ہو گے ۔