چودھری پرویز الٰہی ق لیگی رہنماؤں سمیت تحریک انصاف میں شامل ہو گئے

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ق لیگی رہنماؤں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔پاکستان تحریک انصاف میں مسلم لیگ ق کو ضم کرنے کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں عمران خان اور چودھری پرویز الٰہی میں مشترکہ سیاسی صف بندی کے حوالے سے حتمی بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے بعد پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی لیڈر شپ کا احترام کرتا ہوں، عمران خان نے پارٹی صدر بنانے کا کہہ دیا ہے، ڈٹ کرعمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہم نے تیزی کے ساتھ پنجاب میں ترقیاتی کاموں کو مکمل کیا، اللہ نے دوبارہ موقع دیا تو عوام کی خدمت جاری رکھیں گے، ہر وہ کام کریں گےجس سے ملک کو فائدہ ہو گا۔