طیب اردوان کا اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا عندیہ

انقرہ: صدر طیب اردوان نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی کا عندیہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی صدر ایزاک ہرزوگ جلد ترکی کا دورہ کر سکتے ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سربیا کے صدر الیگزینڈر ووجچ ترکی کے دورے پر پہنچے جہاں ان کے ہم منصب نے پُرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دوران ملاقات درجنوں معاہدے بھی طے پائے۔ملاقات کے بعد ترک صدر طیب اردوان اور سربیا کے صدر نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ ایک سوال کے جواب میں ترک صدر نے انکشاف کیا کہ اس وقت اسرائیلی صدر ہرزوگ کے ساتھ ہمارے مذاکرات جاری ہیں اور عین ممکن ہے کہ وہ ترکی کا دورہ کریں۔