کراچی میں خون جما دینے والی سردی کی لہر آنے کا امکان

شہر قائد میں کل ہفتے کے روز سے سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 22 تا 28 جنوری شہر میں سردی کی نئی لہر داخل ہوگی جس کے باعث کم سے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران 30 تا 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور سردی کی لہر 28 جنوری تک جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 89 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے جبکہ آج مطلع صاف رہے گا مگر بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز مزید بارشوں اور برف باری کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا گیا تھا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ موسم کی تازہ ترین ایڈوائزری کے پیش نظر این ڈی ایم اے نے صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز سمیت تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا ہے۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق صوبائی اور ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز متعلقہ محکموں کےساتھ رابطہ قائم کر کے حساس مقامات پر ضروری مشینری اور دیگر ایمرجنسی ساز و سامان اور اسٹاف کی موجودگی یقینی بنا ئیں۔ پی ڈی ایم اے اور ڈی ڈی ایم اے کو تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایات کی ہے تا کہ کسی بھی جگہ موسم کی وجہ سے راستے بلاک ہونے کی صورت میں بر وقت اقدامات کیئے جاسکیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق مزید برآں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مقامی انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے ضرور ی اقدامات کئے جائیں ۔