لاہور انار کلی دھماکہ:تحقیقات سی ٹی ڈی کے سپرد،6مشکوک افراد گرفتار

لاہور انار کلی دھماکے کی تحقیقات سی ٹی ڈی کے سپرد کر دی گئی۔ دھماکے کے شبہ میں 6 مشکوک افراد کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ 9 زخمی سرجیکل ٹاور میں زیر علاج ہیں۔ زخمیوں میں وحید، جمیل، اظہر، نصیرالدین، انور ، مجیب الرحمٰن اور شامل ہیں۔ 3 زخمیوں شیراز، احمد اور فیصل کی حالت تشویشناک ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ، حساس ادارے، سی ٹی ڈی، پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق فوٹیجز کی مدد سے مبینہ دہشت گرد کی شناخت کر لی گئی ہے۔ مبینہ دہشت گرد موٹرسائیکل پر جائے وقوعہ تک آیا اور ایک بِیگ رکھا اس کے جانے کے 4 منٹ بعد دھماکا ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق مبینہ دہشت گرد کے فرار ہونے کی مزید فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں اور بارودی مواد کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انارکلی دھماکا 2013 کے انارکلی دھماکے سے مماثلت رکھتا ہے۔ اس میں ریموٹ کنٹرول ڈیوائس استعمال کیے جانے کا امکان ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے تخریب کاری کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب کر لی۔