طویل عرصہ بعد آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان میں رابطہ

برف پگلنے لگی،ڈیڈ لاک ختم ہونے لگا، رابطے بحال ہونا شروع، طویل عرصہ بعد آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان میں رابطہ ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو زرداری سے بات کرنے پر سابق صدر آصف زرداری کے معتمد خاص قیوم سومرو نے آمادہ کیا۔ قیوم سومرو مسلسل مولانا فضل الرحمان سے رابطے میں تھے، کئی ملاقاتیں بھی کر چکے تھے۔ رابطے کے دوران آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کا جلد ملاقات کرنے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے گلے شکوے بھی کیے۔ آصف زرداری نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مولانا فضل الرحمان کو مبارکباد دی۔ آصف زرداری نے کہاکہ اس کامیابی پر جلد آپ سے دعوت کھاؤں گا۔ مولانا فضل الرحمان نے جواب دیا کہ آپ کا اپنا گھر ہے جب چاہیں تشریف لائیں۔ ذرائع کے مطابق دونوں کا الگ الگ کے بجائے مشترکہ لانگ مارچ کرنے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ آصف زرداری کا موقف ہےکہ مشترکہ لانگ مارچ سے حکومت کو رخصت کرنے میں آسانی ہوگی۔ مولانا فضل الرحمان نے جواب دیا کہ ایسی باتوں کےلیے ملاقات ضروری ہے پی ڈی ایم سے بھی مشاورت کرینگے۔ اس دوران مولانا نے معنی خیز جملہ بولا کہ آپ ہم پر کسی نہ کسی انداز میں مہربانیاں کرتے رہتے ہیں۔سابق صدر آصف زرداری نے کہاکہ حکومت گرانے کےلیے آپ کا ساتھ ضروری ہے۔ واضح رہےکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان اس سے قبل آخری رابطہ زرداری کے نانا بننے پر ہوا تھا۔