انارکلی دھماکے میں اہم پیش رفت،2سہولت کار گرفتار

لاہور کے معروف انارکلی بازار میں دھماکے میں اہم پیش رفت، دھماکےمیں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ، پولیس نے 2 سہولت کار گرفتار کرلیئے۔ زرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مبینہ دو سہولت کاروں کو آج صبح حراست میں لے لیا۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق دونوں سہولت کار مچھلی منڈی کے قریب پناہ لیے ہوئے تھے، دونوں کو سی سی ٹی وی بیک ٹریک کرکے گرفتار کیا گیا، مبینہ سہولت کاروں کو نامعلوم مقام پر منتقل کرکے تفتیش کی جاری ہے اور ان سےدیگر ساتھیوں اور مدد گاروں سے متعلق دریافت کیا جارہا ہے۔ قبل ازیں پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ دھماکے کی جیوفینسنگ مکمل کرلی گئی ہے، مشتبہ کالز شارٹ لسٹ کرنی شروع کردی ہیں اور تفتیش کا دائرہ کار دوسرے اضلاع تک پھیلا دیا گیا ہے، شبہ ہے کہ سہولت کار اور ہینڈلر کسی اور ضلع سے لاہور آئے، اس ضمن میں مشتبہ افراد کا ریکارڈ اکٹھا کیا جارہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سہولت کاروں اور مبینہ دہشت گرد کے درمیان رابطہ رہا ہے، جائے وقوع سے حاصل مشتبہ افراد کو تصاویر کی مدد سے ٹریس کیا جارہا ہے تاہم تفتیش مکمل ہونے تک کسی کو حتمی ملزم قرار نہیں دے سکتے۔