سعودی حکومت کاغیرملکیوں کواپنے شہریوں کے برابر سہولیات دینے کا فیصلہ

سعودی عرب نے منفرد اقامہ ہولڈرز رکھنے والے افراد کی مراعات میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی حکومت چاہتی ہے کہ منفرد استعداد اور تجربہ رکھنے والے غیر ملکی سعودی عرب کی سماجی، سیاسی اور اقتصادی ترقی میں حصہ لیں اور مملکت کی ترقی کے تحافظ میں سرگرم کردار ادا کرتے ہوئے پالیسی کے نفاذ میں معاون بنیں۔ رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے منفرد اقامہ مرکز نے ترامیم کا مسودہ بھی تیار کرلیا ہے جبکہ منفرد اقامہ مرکز نے توجہ دلائی ہے کہ عام اقامہ ہولڈرز کے مقابلے میں منفرد اقامہ ہولڈرز کے لیے متعدد سہولتیں پہلے سے موجود ہیں۔ رپورٹ کے مطابق منفرد اقامہ ضوابط میں متعدد ترامیم پیش کی گئی ہیں جن میں پہلی یہ ہے کہ ان سے فیملی فیس نہیں لی جائے گی جو سعودی عرب کی پرائیوٹ سیکٹر میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کے مرافقین سے جو مقابل مالی لیا جاتا ہے وہ اس سے مستشنی ہوں گے۔ رپورٹ کے مطابق دوسری سہولت یہ ہے کہ تعلیم و صحت سے متعلق جو سہولتیں سعودی شہریوں کو حاصل ہیں وہ منفرد اقامہ ہولڈرز کو بھی ملیں گی۔ منفرز اقامہ مرکز کا کہنا ہے کہ مملکت کا اہم ہدف یہ ہے کہ ایسے غیر ملکیوں کو منفرد اقامہ دیا جائے جو مملکت میں مقیم عام غیر ملکیوں سے مختلف ہوں اور وہ ملک کے لیے زیادہ موثر ثابت ہوں۔ رپورٹ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ منفرد صلاحیت اور تجربہ رکھنے والے افراد سے ملک کو فائدہ ہوگا اور نئی نئی کمپنیاں تعمیر ہوں گی جس سے مالیاتی و اقتصادی شعبوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مملکت کی پالیسی اور اس کے اقتصادی، سماجی و مالیاتی حالات کا تقاضہ ہے کہ ایسے غیر ملکی سعودی عرب کا رخ کریں جو مملکت کی نئی پالیسی کے نفاذ میں معاون ثابت ہوں۔