کراچی: تیز رفتار ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر،سوارجاں بحق ،3زخمی

کراچی کے علاقے کورنگی میں تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور3 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار چار افراد کورنگی میں سڑک سے گزر رہے تھے کہ ڈمپر نے انہیں روند ڈالا، چاروں روزی کمانے گلگت سے کراچی آئے تھے اور ایک شخص موقع پر ہی چل بسا۔عینی شاہدین کے مطابق ڈمپر انتہائی تیزی کے ساتھ آیا اور موٹر سائیکل پر سوار چار افراد اس کا نشانہ بنے، ایک نوجوان کو ڈمپر نے بری طرح کچل کر ٹکڑے ٹکڑے کردیا، جب ڈمپر کا ٹائر پھٹا تو وہ رکا تاہم ڈرائیور فرار ہوگیا۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق شخص کی شناخت زبیر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں اعجاز، شاہد اور سجاد شامل ہیں۔حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم ڈمپر تحویل میں لے لیا گیا ، علاقہ مکینوں کے مطابق ہیوی ٹریفک پہلے بھی یہاں کئی حادثات کا سبب بن چکی ہے مگر کوئی نوٹس نہیں لیتا۔پولیس کا بتانا ہے کہ حادثے کا شکار افراد مقامی فاسٹ فوڈ کے ہوٹل پر ملازم تھے اور ڈیوٹی ختم کرکے گھر جارہے تھے، پولیس لواحقین سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔