ترکی ماضی کی طرح مستقبل میں بھی قبرصی ترکوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔ طیب اردوان
ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے 20 جولائی جشن امن و آزادی کی مناسبت سے شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے صدر مصطفیٰ عاکنجی کو تہنیتی پیغام ارسال کیا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق اپنے پیغام میں ترک صدر نے کہاکہ قبرصی ترکوں نے جزیرے میں امن کے قیام کے لیے بھر پور کوششیں کی ہیں۔ انھوں نے یہ ثبوت پیش کیا ہے کہ وہ ناحق اور غیر قانونی پابندیوں کے باوجود جمہوری اقدار،یکجہتی کے شعوراور عزم کے ساتھ ہر طرح کی مشکلات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انھوں نے قبرصی ترکوں کے مسئلہ قبرص کے حل میں نیک نیتی کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی نیک نیتی کی کوششوں کے دائرہ کار میں جزیرے کی دونوں اقوام کے مساوی سیاسی حقوق پر مبنی مشترکہ حکومت کے قیام بارے مذاکرات کروانا شامل تھے جن کے دوران قبرصی ترکوں نے مخلصانہ تعاون کا مظاہرہ کیا جبکہ قبرصی یونانیوں کے منفی موقف کی وجہ سے یہ مذاکرات ناکامی کا شکار ہوئے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر اب کسی کو ترکی سے یہ توقع نہیں رکھنی چاہئیے کہ وہ قبرصی ترکوں پر عائد ناحق پابندیوں کا خاموش تماشا دیکھے۔ترکی ماضی کیطرح مستقبل میں بھی قبرصی ترکوں کا ساتھ دیتا رہے گا اور شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کی بھر حمایت کو جاری رکھے گا۔ ترکی قبرص اور مشرقی بحیرہ روم میں امن و آزادی اور استحکام کی ضمانت بنے گا۔