درآمدات کم ہونے سے گزشتہ مالی سال پاکستان کا کرنٹ اکاونٹ خسارہ پہلے سے 78 فیصد کم رہا
لاہور(کامرس رپورٹر )درآمدات کم ہونے سے گزشتہ مالی سال پاکستان کا کرنٹ اکاونٹ خسارہ پہلے سے 78 فیصد کم رہاتاہم روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے ڈالر میں مجموعی قومی پیداور بھی پہلے سے 5.3 فیصد کم رہی۔سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال دو ہزار انیس بیس کے دوران بیرونی کھاتوں کا خسارہ 2 ارب 96 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ سال سے 10 ارب 46 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کم ہے. مالی سال کے دوران ملکی برآمدات میں بھی 7.2 فیصد کمی رکارڈ کی گئی تاہم صنعتی سرگرمیوں سست ہونے سے پیٹرولیم اور دوسری درآمدات کم ہونے کی وجہ سے درآمدی بل بھی 18.2 فیصد کم ہو گیا .جولائی سے جون کے اختتام تک حکومت کو اشیاء اور سروسز کی برآمدات سے مجموعی طور پر 27 ارب 95 کروڑ 40 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے جبکہ درآمدات پر 50 ارب 70 کروڑ 30 لاکھ ڈالر خرچ ہوئے ,اس دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 23 ارب 12 کروڑ ڈالر وطن بھجوائے۔ رپورٹ کے مطابق 12 ماہ کا خسارہ جی ڈی پی کے 1.1 فیصد رہا جبکہ اس دوران پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار کا ڈالر میں حجم 263 ارب 80 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا جو گزشتہ سال سے 14 ارب 55 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کم ہے۔