افغانستان میں امن و استحکام علاقائی ترقی و خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے: صدر ڈاکٹر عارف علوی
صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جنگ زدہ ملک افغانستان میں امن و استحکام علاقائی ترقی و خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے۔آج نجی ٹی وی چینل کے صبح کے پروگرام میں شرکت کے دوران صدر مملکت نے کہا کہ افغانستان آزمائش کے دور سے گزر رہا ہے اور امید ہے کہ تمام فریق اپنے ملک کی تعمیرنو کے لئے مل جل کر کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اور وہاں کے عوام کو امن و استحکام کی زیادہ ضرورت ہے۔ایک سوال پر انہوں نے پاکستان کے اس اصولی موقف کا اعادہ کیا کہ افغانوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے۔بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کے بارے میں انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے شہریت کے انتہائی متنازع کے ذریعے اقلیتوں کو تنہا کیا ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ کشمیری اور فلسطینی عوام کے خلاف بربریت کا سلسلہ جاری ہے۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔