عمران خان نے اپنے 178 ایم پی اے پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو کو فروخت کردیے: وزیر دفاع خواجہ آصف
اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے ساڑھے تین سالہ اقتدار میں حکومتی اداروں کے ذریعے سیاسی انتقام کا نشانہ بنا یا، پاکستان کی حالیہ تاریخ میں سب سے زیادہ شفاف الیکشن پر کسی نے انگلی نہیں اٹھائی ،مریم نواز کے بھرپور جلسوں کی بدولت پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنی شناخت بنائی ،ضمنی الیکشن میں ن لیگ نے 5 سیٹیں حاصل کیں اور دو لاکھ زائد ووٹ حاصل کیے ، پنجاب میں ن لیگ کا بیانیہ مسترد نہیں ہوا ۔جمعرات کو وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے ہمراہ پی آئی ڈی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پنجا ب میں 20 سیٹیوں میں سے 7 سیٹوں پر ہمارے امیدوار ہی نہیں تھے ، 2018 کے الیکشن کے بعد ان ضمنی الیکشن میں 2 لاکھ ووٹ زائد لئے ہیں ، ان ضمنی الیکشن میں ان 20 سیٹوں میں سے 5 سیٹیں ہم حاصل کرنے میں کامیاب رہے ، مریم نواز کے بھرپور جلسوں کی بدولت پاکستان مسلم لیگ ن نے اپنی شناخت بنائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان ضمنی الیکشن میں نے اپنی پوزیشن پہلے سے بہتر کی ہے ، ہمارے ووٹ اور سیٹیں بڑھیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ووٹوں کی خریدو فروخت کےلئے ہوائی جہاز اڑائے گئے اور لوگوں کے گلے میں پٹے پہنائے گئے اور اسکے بعد کہا گیا کہ پرویز الہی پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو ہے ،اب اس ڈاکو کوپی ٹی آئی حکومت دے رہی ہے ،اپنے 178 اراکین کو فروخت کیا جارہا ہے ۔