معاشرے کو منفرد صلاحیتوں کے حامل افراد کی جانب اپنے رویوں کو بدلنا ہوگا،ڈاکٹر عارف علوی
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کی مالی خود مختاری کیلئے انہیں ہنرمند بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاشرے کو منفرد صلاحیتوں کے حامل افراد کی جانب اپنے رویوں کو بدلنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی ادارہ صحت اور جان ہاپکنز یونیورسٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے جمعہ کو یہاں عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں سربراہ ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا کی قیادت میں ان سے ملاقات کی ۔ وفد نے صدر مملکت اور خاتون اول کی خصوصی افراد ، چہاتی کے کینسر، نفسیاتی صحت اور صحت کے دیگر مسائل پر کوششوں کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی اور ا ن کی سہولت کیلئے انہیں معاون ٹیکنالوجی کی فراہمی پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے، بحالی اور معاون ٹیکنالوجی کی خدمات کو پرائمری اور کمیونٹی کی سطح پر فراہم کرنے کیلئے کام کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کو اعلی معیار ، محفوظ اور سستی بحالی کی خدمات اور معاون ٹیکنالوجی کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے عالمی ادارہ صحت کو بحالی 2030 منصوبہ شروع کرنے پر مبارکباد دی اور جان ہاپکنز یونیورسٹی اور عالمی ادارہ صحت کو بحالی لیڈرشپ کورس کرانے پر سراہا۔