گیلانی حکومت نے پاکستان کی بنیادیں کھوکھلی کردیں، ملک اہم موڑپرتبدیلی کا منتظرہے اس موقع پراتحادی جماعتوں کومل کرملکی بقا کے لیے اہم کردارادا کرنا چاہیے۔ نوازشریف
اسلام آباد میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ حکمرانوں نے ساٹھ ملین ڈالرکی کرپشن چھپانے کیلئے ملک کو داؤ پرلگادیا ہے، موجودہ حکومت کی حمایت کرنا ملک کوتباہی کے دہانے پرلانے کے مترادف ہوگا۔ نوازشریف نے کہا کہ پیپلزپارٹی کرپشن پرپردہ ڈالنے کے لیے اورکتنے وزیراعظم قربان کرے گی، یہ تماشا اب ختم ہوجانا چاہیے۔ اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے بارے میں نوازشریف نے بتایا کہ کمیٹی نے سردارمہتاب عباسی کو وزارت عظمٰی کیلئے امیدوارنامزد کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں پارٹی کے تین نکات پرغورکیاگیا جن میں اعلٰی عدلیہ کے فیصلوں پرعملدرآمد یقینی بنانا، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اورعام انتخابات کیلئے نگران سیٹ اپ کے روڈ میپ کیلئے کردارشامل ہے۔ نون لیگ کے سربراہ کاکہنا تھا کہ کل وزیراعظم کے انتخاب میں وہ تمام چہرے کھل کرسامنے آجائیں گے جو کرپشن کو فروغ دینا چاہتے ہیں جبکہ وہ لوگ بھی کسی سے چھپے ہوئے نہیں جوملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں