بارشوں نے رمضان المبارک کے آخری روزے ٹھنڈے کر دئیے۔

پری مون سون کے شہر شہر میں رنگ، بادل برسے تو گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔پنجاب کے مختلف شہروں میں ابر رحمت برسا اور جم کر برسا، منگل کی شام کو کالی گھٹاؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوا، رات بھر رم جھم لگی لگی رہی، موسلا دھار بارش نے پارہ گرایا تو موسم بھی خوشگوار ہو گیا۔
لاہور، گوجرانولہ، ملتان اور فیصل آباد میں بادلوں کا راج ہے، جبکہ تیز اور ہلکی بارشوں کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے، فیصل آباد اور گردونواح میں بھی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ گوجرانولہ میں بھی بادل جم کر برسے۔ ملتان میں بھی تیز آندھی کے ساتھ بادلوں نے خوب رنگ جمایا۔ بہاولپور، اوکاڑہ، ساہیوال، خانیوال، رحیم یار خان، وہاڑی، اٹک اور آزاد کشمیر میں بھی ابر کرم خوب برسا۔
سندھ کے ساحلی علاقوں میں بھی بعض مقامات پر ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی، کراچی بھی ہلکی بارش ہوئی، موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، راولپنڈی، میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا