کراچی کے مختلف علاقوں سے منشیات فروشوں سمیت52افراد گرفتار
پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے منشیات فروشوں سمیت 52افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے افغان شہری سمیت دو ملزمان جبکہ مدینہ کالونی سے دو مفرور ملزمان کوگرفتار کرلیا ہے۔ منگھوپیر کے علاقے نیا ناظم آباد سے دو ملزمان میر مرتضی اور جمن جبکہ ٹیپو سلطان پولیس نے دو مفرور ملزمان کو حراست میں لیا۔ پولیس نے چاکیواڑہ سے بارہ، تیموریہ سے تین اور گلستان جوہر سے چائنا کٹنگ میں ملوث گیارہ ملزمان کو دھرا۔ گلبرگ کے علاقے سے تین منشیات فروش کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی گئی۔تیموریہ کے علاقے سے پولیس نے تین ملزمان کو گرفتار کرکے تین مسروقہ کاریں اور منشیات برآمد کی جبکہ نارتھ ناظم آباد سے تالا توڑ گروپ کے دو کارندوں کو نجی کوریئر کمپنی کے دفتر کا تالا کاٹتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔جیکسن پولیس نے پانی چوری کرنیوالے دو ملزمان جبکہ پی آئی بی سے واٹر بورڈ کی لائن توڑ کر پانی چرانے والے سات ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ناردرن بائی پاس کے قریب اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے سرچ آپریشن کے دوران چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔