انتخابی عذرداری جمع کرانے کا آخری دن جمعہ
کاغذات نامزدگی مسترد ہونے یا منظور ہونے پر اعتراضات کےلئے الیکشن ٹریبونل میں انتخابی عذرداری جمع کرانے کا جمعہ کو آخری دن ہے۔الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں انتخابی عذرداریوں کی سماعت کےلئے کل 21ٹریبونل قائم کیے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق 21ٹریبونل میں سے 8پنجاب میں قائم کیے گئے ہیں، سندھ میں 4، خیبرپختونخوا میں 6، بلوچستان میں 2 اور وفاقی دارالحکومت کےلئے ایک ٹریبونل قائم کیاگیاہے۔اپیلٹ ٹریبونل انتخابی عذرداریوں کا فیصلہ اس ماہ کی 27تاریخ تک کریں گے جبکہ اس سے اگلے دن امیدواروں کی نظرثانی فہرست جاری کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں اگلے انتخابات کےلیے قومی اورصوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کےلئے مجموعی طورپر کل 21,482کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں۔قومی اسمبلی کی 342نشستوں کےلئے 6063افراد نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں جبکہ صوبائی اسمبلیوں کےلئے 15419کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں۔