چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ارب پتی نکلے، ایک ارب چون کروڑ روپے سے زائد کے مالک نکلے۔ جبکہ کئی شہروں میں گھر ,ملکی و غیر ملکی 23 پراپرٹیز
بلاول بھٹو زرداری نے این اے 200 لاڑکانہ کیلیے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق بلاول بھٹو کی جانب سے بیان حلفی اور ظاہر کردہ اثاثہ جات میں ایک ارب چون کروڑ، اڑتالیس لاکھ، ساٹھ ہزار ایک سو سڑسٹھ روپے کے مالک نکلے۔ ظاہر کردہ ملکی و غیر ملکی 23 پراپرٹیز کے بلاول بھٹو مالک ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری گروپ اور پارک لین اسٹیٹ گروپ کے شیئر ہولڈر ہیں۔ بلاول کے پاس تین سو ستانوے اعشاریہ پچیس ایکڑ زرعی زمین ہے جبکہ چار سو تئیس اعشاریہ چار ایکڑ ٹھیکے پر زمین لے رکھی ہے۔ دو ہزار سترہ سے زرعی اور ٹھیکے کی زمین کی آمدن دو کروڑ چھیاسٹھ لاکھ اٹھارہ ہزار آٹھ سو سڑسٹھ روپے ظاہر کی ہے۔ بلاول بھٹو نے کچھ پراپرٹی رینٹ پر بھی دی ہوئی ہے. جہاں سے ان کو دو ہزار سترہ سے بیس لاکھ تینتیس ہزار آٹھ سو پچاس روپے آمدن ہوئی۔ بلاول بھٹو نے ایک کروڑ چونسٹھ لاکھ تینتیس ہزار تین سو انتالیس روپے فارین انکم ظاہر کی ہے۔ دو ہزار سترہ میں بلاول نے دو لاکھ سینتیس ہزار ایک سو باون روپے انکم ٹیکس ادا کیا، جبکہ زرعی انکم ٹیکس انتالیس لاکھ اٹھاون ہزار تین سو تیس روپے ادا کیا، بلاول بھٹو نے اسلام آباد، ماڈل ٹاون لاہور، بلاول ہاوس کراچی، دبئی، لندن میں اپنے گھر ظاہر کئے ہیں۔ بلاول نے تحٖفے کے طور پر ملنے والی جائیداد، زرعی زمین، فلیٹس ارو دیگر پراپرٹیز کا ذکر کیا لیکن تحفہ دینے والے اور پراپرٹی کی مالیت کا بلکل ذکر نہیں کیا۔