شام میں فضائی حملے، امدادی کارکنان سمیت 14 شہری ہلاک
شامی فوج کی جانب سے یہ حملے مغربی شہر معر النعمان میں کیے گئے، اس سے قبل بھی متعدد عام شہری فضائی حملوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے شمال مغربی شہر معر النعمان میں اسدی فوج کی ایک ایمبولینس گا ڑی اور صوبہ ادلب میں دوسرے مقامات پر فضائی بمباری سے دو امدادی کارکنان سمیت چودہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کے مطابق شامی فوج کے لڑاکا طیاروں نے باغیوں اور انتہا پسند گروپوں کے زیر انتظام صوبے ادلب میں واقع مختلف علاقوں پر بمباری کی ہے، مرنے والوں میں سات کم سن بچے بھی شامل ہیں۔ معر النعمان میں ایمبولینس گاڑی فضائی حملے میں تباہ ہوگئی ہے اور اس میں سوار دو امدادی کارکنان مارے گئے ہیں۔ اس سے قبل گذشتہ ہفتے اسرائیلی فورسز نے شام میں فضائی کارروائی کی جس کے نتیجے میں شامی فوجیوں سمیت 23 افراد جاں بحق ہوگئے تھے