عمران خان کے پاس این آر او دینے کا کوئی اختیار نہیں ، نیب کا میرے ساتھ رویہ عزت والا ہے:آصف زرداری
سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کو جمہوریت کی قدر نہیں اور نہ ہی عوام کی مشکلات کا احساس ہے، سابق صدر پرویزمشرف اورعمران خان کی حکومت میں فرق صرف وردی کا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ نیب والےاپنی استعداد کے مطابق مجھ سے سوال کرتے ہیں، نیب کا میرے ساتھ رویہ عزت والا ہے، میں بھی نیب حکام کی عزت کرتا ہوں۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ جو آسانی سے حکومت میں آتا ہے اسے جمہوریت کی قدر نہیں ہوتی ، عمران خان سیاسی قوت سے نہیں آئے اس لئے انہیں اور جمہوری جدوجہد اورجمہوریت کی قدرنہیں اور نہ ہی عوام کی مشکلات کا احساس ہے، سابق صدر پرویزمشرف اورعمران خان کی حکومت میں فرق صرف وردی کا ہے، جس طرح مہنگائی بڑھ رہی ہے لوگوں کے گھر اجڑ رہے ہیں چولہے بند ہورہے ہیں میں سمجھتا ہوں کہ اب حکمرانوں کو جانا پڑے گا۔ ایک سوال کے جواب میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ یہ بات درست ہے کہ (ن) لیگ نے ہمارے خلاف ہمیشہ جارحانہ رویہ اپنایا، لیکن پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے چوٹ کھائی ہے انسان چوٹ کھا کر سیکھتا ہے اب حالات ٹھیک ہوں گے، ہم اب (ن) لیگ کے ساتھ بیٹھ گئے ہیں عمران خان کے ساتھ بیٹھنا مشکل ہے۔