پاکستان کے پاس ٹی 20 ورلڈ کپ دوبارہ جیتنے کا سنہری موقع

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کا سنہری موقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑی شعیب ملک کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے بعد رواں سال آسٹریلیا میں منعقدہ ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کا سنہری موقع ہے، ہماری ٹیم کھیل کے تمام شعبوں میں کافی مضبوط ہے اور میگا ایونٹ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہمارے ورلڈ کپ جیتنے کے امکانات بہت روشن ہیں اور اس طرح کے ایونٹ جیتنے کے لیے جارحانہ انداز اپنانا ہوتا ہے اور ہمارے پاس میچ ونرز کھلاڑی موجود ہیں۔ شعیب ملک کے مطابق ہمارا مضبوط بولنگ اٹیک ہےاور اچھی بیٹنگ لائن موجود ہے ناصرف یہ بلکہ ہماری فیلڈنگ نے بھی گزشتہ برسوں میں کافی بہتری آئی ہے جو بڑے میدانوں کے لیے اہم ہے۔ سابق کپتان نے مزید کہا کہ ہماری فٹنس پچھلے سالوں کی نسبت بہتر ہوئی ہے لہٰذا مجموعی طور پر مجھے لگتا ہے کہ ہم ایک ٹیم کی حیثیت سے وہاں موجود ہوں گے اور ایونٹ اپنے نام کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔