چینی امداد نے ایتھوپیا کو نوول کروناوائرس کیخلاف جنگ جاری رکھنے کے قابل بنایا۔عہدیدار
ایتھوپیا کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاہے کہ گزشتہ سال نوول کروناوائرس شروع ہونے کے بعد سے چین نے ایتھوپیا کی مدد کرتے ہو ئے افریقی ملک کو عالمی وبا کیخلاف جنگ جاری رکھنے کے قابل بنایاہے۔ان خیالات کااظہار ایتھوپیا کے وزیرمملکت برائے صحت دیریجے ڈوگوما نے حوالے کرنے کی تقریب میں کیا جس میں ایتھوپین ریڈ کراس سوسائٹی نے اپنے چینی ہم منصب سے سائنوفارم نوول کروناوائرس ویکسینز کی ایک کھیپ وصول کی۔چینی امداد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈوگوما نے کہاکہ وائرس شروع ہونے کے بعد سے چین نے ان کے ملک کی انسداد عالمی وبا صلاحیت بڑھانے میں مدد کی ہے۔وزیرمملکت نے کہاکہ وبائی بیماری کے ابتدائی چند مہینوں سے مختلف قسم کی مدد فراہم کرنے پرہم چینی حکومت اور عوام کے سب سے زیادہ شکر گزار ہیں۔ڈوگوما نے کہاکہ جب وائرس دنیا اور ایتھوپیا کیلئے نیا تھا تب چین کی جانب سے ذاتی حفاظتی آلات، ٹیسٹ کِٹس اورمختلف مشینیں، تربیت اورتجربات بتانے کے لحاظ سے مدد واقعی بہت بڑی امدادمیں سے ایک تھی۔ڈوگوما نے مزیدکہاکہ چین کی مجموعی امداد ملک میں صحت عامہ کے ساتھ ساتھ معاشی ترقی کی کوششوں میں بہت اہمیت کی حامل ہے۔