ملک کو درپیش بحران اور مسائل کے پیش نظر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی یاد اور کمی زیادہ محسوس ہوتی ہے۔شیری رحمان
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیر ی رحمان نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 69ویں سالگرہ کے موقع پر ان کے خاندان، پارٹی کارکنان اور تمام چاہنے والوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان کی ایسی شخصیت تھیں جن کے نا صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں چاہنے والے موجود ہیں۔ ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے توئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔شیری رحمان نے کہا کہ ملک کو درپیش بحران اور مسائل کے پیش نظر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی یاد اور کمی زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ موجودہ جمہوری تسلسل شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بدولت ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو حیات ہوتیں تو آج ملک ان اندرونی اور بیرونی بحرانوں سے دوچار نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان کی اکائیوں کی زنجیر تھیں، انہوں نے وفاق اور پوری قوم کو متحد رکھا، شہید بی بی نے پاکستان کو دہشت گردی، انتشار اور تقسیم سے بچایا۔ ہمیں ملک کو متحد رکھنے کے لئے نفرت اور انتشار کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا۔