الیکشن کمیشن غافل رہا تو جمہوریت کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا: شاہ محمود قریشی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پنجاب میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) بہت بڑی آزمائش سے دوچار ہونے والا ہے، اور اگر ای سی پی اپنی ذمہ داری سے غافل رہا تو جمہوریت کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا جبکہ الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا۔شاہ محمود قریشی کا لاہور میں پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر ان 20 ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن نے اپنی ساکھ کھو دی تو آپ عام انتخابات دفن کر دیں گے، قوم عام انتخابات کے نتائج قبول نہیں کرے گی۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے طور طریقے اور تیور دیکھ رہا ہوں، ان کا انداز اور سوچ مختلف دکھائی دے رہی ہے، اور وہ الیکشن کمیشن کی ساکھ کو نقصان پہنچائیں گے، یہ انتخابات 20 سیٹوں کا نہیں بلکہ حمزہ شہباز کے مستقبل کا ہے، اپنا مستقبل بچانے کے لیے وہ اپنی الیکشن کمیشن کی ساکھ داؤ پر لگا سکتے ہیں، وہ حکومت پنجاب کے وسائل اور انتظامیہ کو اپنی وزارت اعلیٰ کے تحفظ کے لیے جھونک سکتے ہیں، وہ کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔