امریکہ پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات کا خواہشمند ہے

امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان سے ڈومور کا مطالبہ کر دیا ،، امریکہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دہشت گرد گروپوں کے خلاف درست سمت میں کچھ مثبت اقدامات کیے ہیں، لیکن اسے اب بھی بہت کچھ کرنےکی ضرورت ہے،، امریکہ پاکستان کے ساتھ بہترین تعلقات کا خواہشمند ہے ،، ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ہیدر نوئرٹ نے کہا کہ 'گذشتہ سال پاکستان کی امداد کو دہشت گردوں کے خلاف سخت اقدامات سے مشروط کیا گیا تھا'۔
انہوں نے بتایا کہ 'پچھلے ہفتے نائب صدر مائیک پنس سے پاکستانی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ملاقات ہوئی، جس کے دوران جنوبی ایشیا سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی نئی حکمت عملی پر عمل درآمد پر بات ہوئی'۔
ترجمان اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ 'اس ملاقات میں خصوصی طور پر دہشت گرد گروہوں کے خلاف اقدامات پر بات ہوئی اور نائب امریکی صدر نے تمام دہشت گرد گروہوں کے خلاف مزید اقدامات پر زور دیا'۔
واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے واشنگٹن میں مختلف اعلیٰ امریکی عہدیداروں سے ملاقاتیں کی تھیں۔
ہیدر نوئرٹ نےکہا کہ 'افغان امن مذاکرات میں طالبان کی شرکت سے متعلق پاکستان کا کلیدی کردار ہے اور اس مقصد کے لیے پاکستان کو مدد کرنا ہوگی'۔