بارش سے باغوں کے شہر کی خوبصورتی دو چند ہوگئی ہے
لاہور کو سرمئی بادلوں نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، برستی بوندیں اور ٹھنڈی ہواؤں کے بعد ابر رحمت برسا اور پھر جم کر برسا، کہیں تیز تو کہیں موسلادھار بارش ہوئی۔ برکھا رت نے آتی گرمی کو فل سٹاپ لگا دیا۔دیوانی گھٹا، چھم چھم کرتی بوندیں، مستانی ہوا پر خوشی سے رقص کرتے پتوں نے سماں خوش گواربنادیا ہے، بارش سے باغوں کے شہر کی خوبصورتی دو چند ہوگئی۔ پھول پتے درخت سب نکھر گئے، ہر طرف رنگ بکھر گئے،،سورج بھی بادلوں کی کالی چادر اوڑھ کرسویارہا، بھیگے بھیگے موسم کو بچے اور بڑے سبھی بھریور انداز سے انجوائے کر رہے ہیں۔
برکھا کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے درجہ حرارت میں نمایاں کمی کی ہے،،ماند پڑتی سردی پربارش کے چھڑکاوے کے بعد خوشنما تبدیلی آئی ہے۔ موسم کی کروٹ سے انسان تو انسان پھول پتے بھی نہال دکھائی دیے۔ رم جھم بارش نے سوئی ہوئی سردی کو جگا کر چارسو خوبصورت رنگ بکھیر دیئے ہیں۔