سعودی عرب: قصاص سے چند لمحات قبل مقتول کے ورثاءنے قاتل کو معاف کر دیا
سعودی عرب میں قصاص پر عملدرآمد سے چند لمحات قبل یمنی مقتول کے ورثاء نے قاتل کو اللہ کی رضا کے لئے معاف کر دیا۔ عاجل ویب نیوز کے مطابق سعودی عرب کے شہر ریاض میں قصاص سے چند لمحات قبل مقتول کے ورثاءنے قاتل کو معاف کر دیا جس کے بعد گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر نے مقتول کے ورثاءکے وکیل سے ملاقات کرکے ورثاءکی جانب سے عفو درگزر کے عظیم فعل کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری دعا ہے کہ رب کریم آپ کے اس درگزر کا اجر عظیم عطا فرمائے۔ واضح رہے یمنی شہری عبداللہ الموساوی کو اس کے ہم وطن یوسف اوکیش نے قتل کر دیا تھا جس پر عدالت نے قصاص کی سزا دی جسے اپیل کورٹ نے برقرار رکھا۔ سزا پر عمل درآمد سے قبل گورنر ریاض کی جانب سے مصالحتی کمیٹی نے صلح کی کوشش کی مگر وہ اس میں ناکام رہے۔ عین قصاص سے چند لمحات قبل جب قاتل کو میدان قصاص میں لایا گیا تو مقتول کے ورثاءنے اسے معاف کرنے کا اعلان کردیا۔