اقتصادی رابطہ کمیٹی نے عارضی بے گھر افراد کی بحالی کیلئے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دیدی
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ضرب عضب آپریشن کے نتیجے میں شمالی وزیرستان سے عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کیلئے ایک ارب 79 کروڑ پچاس لاکھ روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی ہے۔کمیٹی کا اجلاس بدھ کے روز اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسد عمر کی صدارت میں ہوا۔وفاقی دارالحکومت انتظامی اور ترقیاتی ڈویژن کے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے کمیٹی نے کیڈ کے لئے بیس کروڑ سے زائد روپے اور بیرون ملک پاکستان چیئرز کیلئے ایک کروڑ چوبیس لاکھ سے زائد روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی۔کمیٹی نے وزارت ہیلتھ سروسزاور وزارت اوورسیز پاکستانیز اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کیلئے بھی بالترتیب پندرہ کروڑ تریسٹھ لاکھ روپے سے زائد اور چار کروڑ سے زائد روپے کی منظوری دی۔وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے کمیٹی کو پاکستان ہلال اتھارٹی کے فعال ہونے کے بارے میں آگاہ کیا۔کمیٹی نے وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کی تجویز پرپاسکو کے سٹاک سے اضافی گندم کی برآمدی مدت میں توسیع کی بھی منظوری دی۔کمیٹی نے وزارت صنعت و پیداوار کی اس تجویز کی بھی منظوری دی کہ ماڑی ڈیپ گیس سے اضافی چھیاسٹھ ملین مکعب فٹ اضافی گیس بجلی کی پیداوار پی بی آئی بی کیلئے مختص کی جائے۔پانی کے وسائل کے ڈویژن نے کمیٹی کو آزادجموں و کشمیر کے ساتھ بجلی کے ٹیرف اور پانی کے استعمال کے واجبات کے تصفیے کے لئے مجوزہ انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔