امریکی وزیرخارجہ اور سعودی ولی عہد کا رابطہ، یمنی صورت حال پر گفتگو
امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے یمن میں قیام امن کی خاطر سعودی عرب اور اقوام متحدہ کے کردار کو سراہا اور تعریف کی۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے یمن مارٹن گریفتھس کی حمایت پر مائیک پومپیو نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے یمن میں جنگ کے خاتمے کے لیے حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا اور حوثی باغیوں اور سرکاری فورسز کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر مکمل پاسداری پر زور دیا۔ یمن میں مقامی حکومت اور حوثی باغیوں کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے ہے تاہم اس کے باوجود دوطرفہ حملوں کو سلسلہ جاری ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ دنوں یمن کے موضوع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس ہوا تھا، اجلاس میں خصوصی مندوب برائے يمن مارٹن گرفتھس بھی شریک تھے، جو یمن میں فریقین کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی خلاف ورزی پر مسلسل آواز بلند کررہے ہیں۔