تجارتی جنگ، امریکی صدر نے چین کے ساتھ جلد معاہدہ طے پانے کی نوید سنا دی
چین اور امریکا کے درمیان کئی مہینوں سے جاری تجارتی جنگ اپنے اختتام کے قریب ہے، صدر ٹرمپ نے جلد معاہدہ طے پانے کی امید ظاہر کی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق چین کے ساتھ تجارتی تنازعے میں ایک ممکنہ سمجھوتہ آہستہ آہستہ قریب آتا جا رہا ہے۔ امریکی وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکی تجارتی وفد مذاکرات کے لیے چین کا دورہ کرے گا، جو معاملے کے حل پر زور دے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین امریکا میں اپنی درآمدات پر اضافی محصولات نہیں چاہتا، اسی بابت چین جلد تنازعے کے حل اور کسی نہ کسی معاہدے پر پہنچے گا۔ چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ کے باعث عالمی معیشت پر بھی دباؤ نظر آرہا ہے، دونوں ممالک کی معیشت دنیا کی دو بڑی معیشت تصور کی جاتی ہیں، جس کا براہ راست اثر عالمی معیشت پر پڑتا ہے۔