پاکستان کا سمجھوتہ ایکسپریس دہشت گرد حملوں کے ملزمان کی بریت پر بھارت سے شدید احتجاج
قائم مقام خارجہ سیکرٹری نے آج اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے بھارت کے خصوصی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی عدالت کی طرف سے سمجھوتہ ایکسپریس دہشتگرد حملوں کے تمام چاروں ملزمان کی بریت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔قائم مقام خارجہ سیکرٹری نے کہا کہ پاکستان بھارت کی طرف سے دہشتگردی کی اس گھنائونی کارروائی جس میں 44معصوم پاکستانی جاں بحق ہوگئے تھے کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے حوالے سے پیشرفت اور کوشش نہ کرنے پر مسلسل تشویش ظاہر کرتا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بتدریج بے قصور ظاہر کرنے اور بالآخر مجرموں کو بری کرنے کے باقاعدہ فیصلے سے نہ صرف 44مقتول پاکستانیوں کے اہلخانہ کی حالت زار کے حوالے سے بھارت کی ظالمانہ بے حسی کی عکاسی ہوتی ہے بلکہ ہندو دہشتگردوں کو فروغ دینے اور تحفظ فراہم کرنے بھارت کی ریاستی پالیسی بھی ظاہر ہوتی ہے۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے عدالتی طریقہ کار تلاش کرے۔