سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کی 460 ارب روپے کی پیشکش قبول کرلی
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاؤن کی جانب سے کراچی کے منصوبے کے لیے 460 ارب روپے کی پیشکش قبول کرلی۔ جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل تین رکنی بینچ نے بحریہ ٹاؤن عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران بحریہ ٹاؤن کراچی کی پیشکش قبول کرلی جس کے تحت بحریہ ٹاؤن انتظامیہ کو 7 سال میں 460 ارب روپے کی ادائیگی کرنا ہوگی۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ بحریہ ٹاؤن 27 اگست تک 25 ارب کی ڈاؤن پیمنٹ کرے گا اور پہلے چار سال میں ڈھائی ارب روپے ماہانہ اور باقی رقم تین سال میں ادا کی جائے گی۔ سپریم کورٹ کے مطابق بحریہ ٹاؤن اقساط کی پہلی ادائیگی یکم ستمبر سے کرے گا اور ڈھائی ارب روپے کی پہلی قسط یکم اگست کو دے گا۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ بحریہ ٹاؤن اگر اقساط کی ادائیگی میں تاخیر کرے گا تو اسے 4 فیصد سود ادا کرنا ہوگا، رقم عدالت میں جمع ہوگی پھر اس کو قانون کے مطابق جس کو دینی ہے دیں گے۔