شریف اور زرداری خاندانوں کا حال کی طرح مستقبل بھی تاریک ہے۔ فواد چوہدری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے 40سالہ پالیسی کو تبدیل کرکے شدت پسندی کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے، نواز شریف اور زرداری نے درختوں کو بھی نہیں چھوڑا، شریف اور زرداری خاندانوں کا حال کی طرح مستقبل بھی تاریک ہے۔جہلم میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک ایک سیکیورٹی اسٹیٹ بن گیا تھا، لیکن ہم نے 40سال کی پالیسی کو تبدیل کیا ہے اور شدت پسندی کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر کسی کو حکومت اور ریاست کی مرضی کے بغیر کسی کے خلاف سازشیں کرنے اور گزند پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، سیاسی و عسکری قیادت میں مکمل اتفاق رائے ہے اور ایک سمت میں سوچ رہی ہے، پاکستان کو ماڈرن ملک کے طور پر آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ فواد چوہدری نے شریف خاندان اور زرداری خاندان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں پورا ملک نیچے جارہا تھا لیکن دو خاندان اوپر جارہے تھے، ماضی کے حکمرانوں نے کرپشن کی فصل کو پانی دیا جو خاردار درخت بن گئے، پورا پاکستان نیچے اور 2خاندان اوپر جا رہے تھے، پاکستان میں صرف 2 خاندانوں نے ترقی کی۔ ان دونوں خاندانوں کا پاکستان کے سیاسی مستقبل میں اب کوئی حصہ نہیں ہے، حال کی طرح ان کا مستقبل بھی تاریک ہے، مریم بی بی سمیت شریف خاندان کو اس بات پر غصہ ہے کہ لندن میں سیل لگ گئی ہے لیکن یہ لوگ پاکستان سے باہرنہیں جاپارہے، ان کی گھبراہٹ کی وجہ یہ ہے، ان دونوں خاندانوں کے دو سپوتوں کو شوق پورا کرلینے دیں، چند ماہ میں پتہ چل جائے گا کہ ان کی سیاست ختم ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا سمجھوتہ ایکسپریس کے ملزمان کی رہائی بھارتی قانون کے منہ پر طمانچہ ہے، بھارتی عدالتی نظام دہشتگردوں کیلئے ڈرائی کلین مشین بن گیا، بھارتی حکومت کے منصوبے انتہا پسندی کو ہوا دے رہے ہیں۔فواد چودھری کا کہنا تھا مہاتیر محمد پاکستان تشریف لا رہے ہیں، ایک عرصہ بعد عالمی رہنما پاکستان آرہے ہیں، ماضی میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں واضح کمی اور خسارے کا سامنا رہا، پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔