ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 5 سو سے تجاوز کر گئی
ملک میں کورونا کے مریض مسلسل بڑھنے لگے ،کراچی اور گلگت کے بعد کوئٹہ سے بھی نئے کیس سامنے آ گئے ،جس سے ملک بھر میں مریضوں کی تعداد 504 ہوگئی، سندھ میں پہلا مریض جاں بحق ہونے سے مجموعی ہلاکتیں تین ہوگئیں ۔ کراچی میں مزید چودہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس سے شہر قائد میں متاثرین کی تعداد 104 ہوگئی جبکہ سندھ بھر میں مریضوں کی تعداد 252 تک جاپہنچی ہے ، کراچی میں زیرعلاج کورونا کا بزرگ مریض زندگی کی بازی ہار گیا، صوبائی وزیر صحت نے پہلا مریض ہلاک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ متوفی کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں تھی ۔ ملک میں مریضوں کے حوالے سے پنجاب کا دوسرا نمبر ہے ،جہاں کروناسے کے کنفرم کیس 96 تک جا پہنچے ہیں ، ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق تمام مریض آئسولیشن وارڈز میں داخل ہیں،جن میں 71 زائرین شامل ہیں ، لاہور میں15 مریض ہیں جبکہ ، ملتان 2 ، مظفر گڑھ،گجرات، اورراولپنڈی میں 3,3 مریض زیرعلاج ہیں ، ادھر کوئٹہ سے بھی نئے گیارہ کیس سامنے آئے ہیں، جس سے بلوچستان میں مریضوں کی تعداد 92 ہوگئی ہے جبکہ گلگت بلتستان میں بھی 9نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 30ہوگئی ہے۔ اسی طرح ، خیبر پختونخوا میں 23 کنفرم مریض ہیں، اسلام آباد میں 10اورآزاد کشمیر میں بھی 1 مریض زیرعلاج ہے