کوروناوائرس کے منفی اثرات کے باوجودسی پیک منصوبے پرکام جاری رہےگا : وزیر خارجہ
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ دونوں ملک سی پیک منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل کے لئے پُرعزم ہیں۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ اگرچہ اس عالمی وباء سے منصوبے پرکام کی رفتارمیں کچھ کمی آسکتی ہے تاہم اس سے سی پیک پرکوئی طویل مدت اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ سی پیک کے تحت تمام منصوبوں پرمرحلہ وارکام جاری ہے ۔وزیرخارجہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں آزمودہ تذویراتی شراکت دارتعاون کی راہ پرسفرجاری رکھیں گے جس سے پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ وبائی مرض سے متعلق سوال پر وزیرخارجہ نے کہا کہ مہلک وائرس کوویڈ 19سے دنیابھر میں تین ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ان کا کہناتھا کہ یہ کیسز پاکستان میں بھی بڑھ رہے ہیں اور ہمیں اس وائرس پر قابو پانے کے لئے اجتماعی طور پر لڑنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مددکریں۔وزیرخارجہ نے کہا کہ یہاں تک کہ فرانس جیسے ترقی یافتہ ممالک کو بھی کورونا وائرس سے نمٹنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پاکستان جیسے ممالک میں ہمیں محدود وسائل میں لوگوں کی جان بچانا ہوگی۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 504 ہوگئی ہے۔ سندھ بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد252، پنجاب میں96 ، بلوچستان میں 92 ، خیبر پختونخوا میں 23 اور گلگت بلتستا ن میں30 تک پہنچ گئی ہے ۔