آرمی چیف کا پاک فوج کوسول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کاحکم
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ انفرادی طور پر اپنا بچاؤ کرنا درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے ۔ ہر انفرادی حفاظتی قدم اہمیت کا حامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ حکومت اورمحکمہ صحت کے حوالے سے وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرے ، ایسا کرنے سے ہی قومی کوشش کامیاب ہو گی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ پہلے انفرادی طور پر ایک ذمہ دار شہری بننا ہے تا کہ اجتماعی سطح پر حکومتی اور اداروں کی کوششیں کامیاب ہو سکیں۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ کوئی بھی خطرہ ایک ذمہ دار اور پرعزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا جیسا کہ چین نے کر دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج قومی کوشش کا حصہ ہوتے ہوے اس ذمہ داری کو ادا کرے گی۔آرمی چیف نے کہا کہ ہم وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فریضہ کے طور پر انجام دیں گے۔انفرادی نظم و ضبط اور باہمی تعاون تمام اداروں کی کوششوں کو یکجا کرے گا اس میں ہی قومی کامیابی ہو گی۔