کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفرمرزا نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر عوام سے معاشرتی روابط سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے ۔اسلام آباد میں معاونین خصوصی ڈاکٹرظفر مرزا اور ڈاکٹرمعید یوسف کی چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد افضل کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی ۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کے دس مصدقہ کیسز ہیں، وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کردی ہے کہ وہ آج سے پیرتک گھروں میں ہی رہیں۔ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا کہ کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں، قومی رابطہ کمیٹی صورتحال پر نظر رکھے گی، ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت اولین ترجیحات ہیں، عوام قومی سطح کے اقدامات پر عمل کریں۔اس موقع پروزیراعظم کے مشیربرائے قومی سلامتی ڈاکٹرمعید یوسف نے بتایاکہ آج سے دو ہفتے تک بین الاقوامی پروازیں پاکستان نہیں آسکتیں، حکومتی فیصلے کا اطلاق آج رات آٹھ بجے سے ہوگا۔این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے میڈیا کو بتایا کہ آئندہ دس سے بارہ روز میں اسی ہزارٹیسٹ کٹس مل جائیں گی، 15لاکھ ماسک پنجاب کے لیے مختص کیے ہیں جوایک دودن میں پہنچ جائیں گے، چین میں پاکستانی سفارتخانے میں این ڈی ایم اے کاآفس کھول رہے ہیں۔معیدیوسف نے مزید کہا کہ فضائی آپریشن کی بندش کافیصلہ عارضی ہے،پی آئی اے کی کچھ پروازیں پاکستان سےباہر ہیں ان کو واپس آنےکی اجازت ہوگی.