ہمارا مضبوط اور پائیداراشتراک پاکستانی اور امریکی عوام کی زندگیوں میں بہتری لاتا رہے گا،امریکی سفیر

پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ ہمارا مضبوط اور پائیداراشتراک پاکستانی اور امریکی عوام کی زندگیوں میں بہتری لاتا رہے گا اور عالمی سطح پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔ یو ایس پاکستان گرین الائنس اس کی ایک بہترین مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان میں متعین امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سکیورٹی سٹڈیز کے زیر اہتمام لیکچر پاکستان امریکا تعلقات: دی وے فارورڈکے موضوع پر ایمبیسڈر لیکچر میں کیا۔سفیر ڈونلڈبلوم، جو کہ ایک تجربہ کار سفارت کار ہیں جنہوں نے اس سے قبل تیونس میں خدمات سرانجام دی تھیں، نے دونوں ممالک کے درمیان 75سالہ دوطرفہ تعلقات، خاص طور پر دہائیوں پر محیط ترقیاتی اشتراک پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ملک بھر میں سکولوں، ہسپتالوں اور شاہراہوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سکالرشپ پروگراموں کے ذریعے تعلیم کے لئے معاونت کی کاوشوں کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ذاتی اور پیشہ وارانہ روابط کا ایک ایسا نیٹ ورک بنایا ہے جس نے پاک امریکہ تعلقات کی بنیاد کو مزید مضبوط کیا ہے۔ سفیرڈونلڈ بلوم نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے 2005 کے زلزلے اور 11-2010 سے لیکر حالیہ (2022) کے سیلاب سے آنے والی تباہی کے اثرات کو کم کرنے کے لئے امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی، مشیر برائے امور خارجہ کی طرف سے نظامت کے فرائض سر انجام دئیے گئے ۔ لیکچر کے بعد سفیر اور شرکا ء کے درمیان سوال و جواب کا دور ہوا جس میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، ماہرین تعلیم اور سفارت کار شامل تھے۔ اپنے اختتامی کلمات میں صدر کیس ایئر مارشل (ریٹائرڈ)فرحت حسین خان نے مہمان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ پاک امریکہ تعلقات کی مضبوط بنیادیں ان کے دو طرفہ تعلقات خاص طور پر جامع اقتصادی ترقی اور علاقائی امن کو مزید فروغ دیں گی۔