تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کمر کے لئے خصوصی طور پر تیار کی گئی جیکٹ کی مدد سے دو ہفتوں بعد پہلی مرتبہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو گئے، انہوں نے تین سو میٹر تک واک بھی کی۔

شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹرز کے مطابق خصوصی جیکٹ پہننے کے بعد عمران خان کسی سہارے کے بغیر کھڑے ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹرز نے بتایا کہ ان کی ریڑھ کی ہڈی پر آنے والے زخم تیزی سے ٹھیک ہو رہے ہیں۔ کاریڈیالوجسٹ اور سرجنز کی ٹیم نے ان کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ عمران خان کو کل دوپہر کے بعد ہسپتال سے فارغ کیا جا سکتا ہے، لیکن مکمل صحتیابی تک انہیں خصوصی جیکٹ پہنے رکھنا ہوگی، جبکہ مکمل صحتیابی کے لئے انہیں دو ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق عمران خان علاج پرآنے والے تمام اخراجات خود ادا کریں گے۔