عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے 24 سے 27 جولائی کی تاریخیں تجویز کر دیں۔
عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن نے 24 سے 27 جولائی کی تاریخیں تجویز کر دیں ، الیکشن کمیشن نے تاریخ طے کرنے کیلئے صدرمملکت کو خط لکھ دیا ہے، سمری میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کا شیڈول یکم جون کو جاری کرنا ہے، اس پر عملدرآمد کیلئے 54 روز درکار ہوں گے، اس لئے جنرل الیکشن 24 جولائی سے پہلے نہیں ہوسکتے، دو اسمبلیاں 28 مئی کو اپنی مدت پوری کر رہی ہیں، انتخابات 27 جولائی سےآگے نہیں جاسکتے۔ صدرمملکت انتخابات کیلئے 24 سے 27 جولائی کے درمیان ایک تاریخ مقرر کر دیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں ریٹرننگ افسران کو جدید ٹیکنالوجی مہیا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار ریٹرننگ افسران کو 2، 2 ڈیٹا انٹری آپریٹرز دے دیئے گئے، ریٹرننگ افسران کو پولنگ کی رات 2 بجے تک رزلٹ الیکشن کمیشن کو بھیجوانے کا پابند بنا دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو تربیت دے دی گئی، ڈیٹا انٹری آپریٹرز پولنگ سٹیشن سے موصول رزلٹ کو تیار کریں گے، پریذائیڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن سے ہی نتائج تصویر یا سنیپ شاٹ کے ذریعے ریٹرننگ افسران کو بھیجیں گے۔ ریٹرننگ افسران اور پریذائڈنگ افسران الگ الگ ٹیکنالوجی سے نتائج بھیجیں گے، ریٹرننگ افسران پورے حلقے کا نتیجہ رزلٹ منیجمنٹ سسٹم سے بھجوائیں گے، پریزائیڈنگ افسران نتائج رزلٹ ٹرانسمشن سسٹم سے آر اوز کو بھجوائیں گے، تمام 849 ریٹرننگ افسران کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جائیگی