احتساب عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت آج پھر ہوگی
اسلام آباد: احتساب عدالت میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت آج پھر ہوگی، آصف زرداری اور فریال تالپور عدالت میں پیش ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے معزز جج محمد ارشد ملک جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کریں گے۔ عدالت میں سماعت کے دوران ملزمان کو نیب کے عبوری ریفرنس کی نقول فراہم کی جائیں گی جس کے بعد عدالت ان پر فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کرے گی۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کے لیے عدالت میں پانچویں مرتبہ پیش ہوں گے۔ آصف علی زرداری کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، عدالت کےاحاطے میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ ممنوع ہے۔ اسلام آباد پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے احتساب عدالت کی سیکیورٹی سنبھالی ہوئی ہے۔ سپریم کورٹ نے 7 جنوری 2019 کو اپنے فیصلے میں نیب کو حکم دیا تھا کہ وہ جعلی اکاؤنٹس کی ازسرنو تفتیش کرے اور 2 ماہ میں مکمل رپورٹ پیش کرے جبکہ عدالت نے جے آئی ٹی رپورٹ بھی نیب کو بجھوانے کا حکم دیا تھا۔